بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں، چوہدری پرویز الٰہی

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگس کی ملاقات ہوئی جس میں آسٹریلین ہائی کمشنر نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر چوہدری پرویز الٰہی کو مبارکباد دی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیا دو طرفہ تعلقات کے فروغ، صحت، تعلیم، زراعت، لائیو اسٹاک، اسپورٹس اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا، آسٹریلین ہائی کمشنر نے اسٹیٹ آف آرٹ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر پر وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے ویژن کو سراہا۔

ملاقات میں پولیس اور دیگر شعبوں کے افسروں کی تربیت کے لئے ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر اتفاق ہوا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں، میرے سابقہ دور میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں آسٹریلیا کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے، دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا، زراعت، ڈیری ڈویلپمنٹ اور لائیو اسٹاک میں آسٹریلیا کو بہت مہارت حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان شعبوں میں آسٹریلین ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی آسٹریلیا کے لئے سرمایہ کاری کیلئے گراں قدر مواقع موجود ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کے کلچرل وفود کے تبادلوں سے بھی تعلقات میں اضافہ ہو گا۔

آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے اور شراکت داری بڑھائیں گے، پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کریں گے۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔