اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے طویل مدتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے اور تمام شعبوں میں اس اہم شراکت داری کو مزیدمضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وہ جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امورہونڈا تارو سے گفتگوکررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ شہبازشریف نے خوشگوار اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو اجاگرکرتے ہوئے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور سماجی واقتصادی ترقی کیلئے جاپان کی طرف سے فراہم کی جانے والے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ تجارت،سرمایہ کاری، آئی ٹی ،قابل تجدید توانائی اور دوسرے متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے گزشتہ کئ برسوں سے جاپانی سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے یقین دلایاکہ حکومت ایسی سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔جاپان کے نائب وزیرخارجہ نے پاکستان میںحالیہ سیلاب میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا۔انہوںنے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاک جاپان تعاون بڑھانے میں ذاتی کوششیں کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا۔
پاکستان جاپان کے ساتھ شراکت داری کو مزیدمضبوط بنانے کا خواہاں ہے،وزیراعظم








