بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بشریٰ بی بی نے ذاتی خرچ پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کی اجازت کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے ذاتی خرچ پر ماہر امراضِ چشم سے طبی معائنے اور علاج کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔

اسلام آباد: سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اپنے ذاتی خرچ پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کروانے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں زیر التوا اپیلوں کے دوران ایک متفرق درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی آنکھوں کی حالت تیزی سے خراب ہو رہی ہے، اس لیے ماہر امراضِ چشم سے فوری طور پر معائنہ کروایا جانا انتہائی ضروری ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بشریٰ بی بی کو اپنے ذاتی اخراجات پر پسند کے ماہر ڈاکٹر سے علاج کی اجازت دے اور ساتھ ہی ان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کرے۔

سابق خاتون اول نے اپنی درخواست میں مزید استدعا کی کہ عدالت اڈیالہ جیل حکام سے ان کی بیماری کی تشخیص اور علاج کی مکمل تفصیلات پر مبنی تازہ اور جامع میڈیکل رپورٹ طلب کرے۔ اس کے علاوہ جیل حکام کو تمام متعلقہ طبی دستاویزات بھی عدالت کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی جائے تاکہ مناسب اور ضروری علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔