اسلام آباد: پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ پٹرولیم(Petroleum) مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی دراصل حکومت کی جانب سے ریفائنریز کی ایڈجسٹمنٹ اور لیوی میں کمی کا نتیجہ ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے وضاحت کی کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران ڈیزل کی قیمت میں چار روپے، سات روپے اور پھر تین روپے تک کمی دیکھی گئی، جبکہ اگلے ہی روز پٹرول کی قیمت میں بھی 6 روپے 51 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ریلیف اچانک نہیں آیا بلکہ یہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اس ایڈجسٹمنٹ کا ثمر ہے جو ریفائنریز کے ساتھ کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:پولینڈ میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ، 6 افراد ہلاک، 15 زخمی
ملک خدا بخش نے مزید بتایا کہ حکومت نے ریفائنریز کو باقاعدہ نوٹیفائی کر کے اس حوالے سے ایک سسٹم بنا دیا ہے تاکہ بچنے والے فنڈز براہ راست عوام کو ریلیف کی صورت میں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی اور ریفائنریز کی رقوم کی درست ایڈجسٹمنٹ کے باعث تمام شور شرابے کے بعد اب اس کا اصل فائدہ روزانہ کی بنیاد پر عام عوام کو منتقل ہو رہا ہے۔








