بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کیپ ٹاؤن نہیں، پورٹ الزبتھ میں بھی سینڈ پیپر استعمال ہوا،عثمان خواجہ نے راز کھول دیا

آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ(Usman Khawaja) نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹمپرنگ سکینڈل سے متعلق ایک اور اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کیپ ٹاؤن نہیں، پورٹ الزبتھ میں بھی سینڈ پیپر استعمال ہوا، اور مبینہ طور پر گیند کو خراب کیا تھا۔
عثمان خواجہ نے اپنی نئی سوانح عمری صبر (Sabr) میں انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے ایک سیشن سے قبل گیند پر سینڈ پیپر استعمال کیا، جس کے بعد گیند غیر معمولی انداز میں ریورس سوئنگ ہونے لگی۔
ان کے مطابق اس سیشن میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے صرف 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں گنوائیں، جبکہ آسٹریلوی بولرز نے گیند کو غیر معمولی ریورس سوئنگ کرایا۔
عثمان خواجہ کے مطابق کیپ ٹاؤن نہیں، پورٹ الزبتھ میں بھی سینڈ پیپر استعمال ہوا، اور یہ واقعہ جنوبی افریقہ کے شہر گیقبرہا میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پیش آیا، جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 243 رنز کے جواب میں دوسرے دن کے آخری سیشن کا آغاز 2 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز سے کیا تھا۔
اس وقت پروٹیز بیٹرز ڈین ایلگر اور ہاشم آملہ اچھی شراکت قائم کر رہے تھے، جو بعد میں 88 رنز تک پہنچی۔ اپنی سوانح عمری میں عثمان خواجہ لکھتے ہیں کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 25 اوورز سے بھی کم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے میں کامیاب ہوگئی تھی، جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو عموماً اس کے لیے 40 سے 50 اوورز درکار ہوتے تھے۔

مزیدپڑھیں:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کے لیے اہم خبر آگئی
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں لکھا کہ سیشن کے وقفے کے بعد کیمرون بین کرافٹ میدان میں آئے، امپائرز کی جانب سے چھوڑی گئی گیند اٹھائی اور اسے سینڈ پیپر سے رگڑا، جس کے نتیجے میں گیند کا ایک حصہ انتہائی کھردرا اور خشک ہوگیا، جبکہ دوسرا حصہ چمکدار رہا۔
خواجہ کے مطابق اس تبدیلی کے بعد گیند غیر معمولی طور پر ریورس سوئنگ ہونے لگی، جب بھی گیند گلی پوزیشن پر ان کے پاس آتی تو وہ اسے دیکھ کر حیران ہوتے کہ اب تو وہ خود بھی اس گیند کو ریورس سوئنگ کرا سکتے ہیں۔
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ٹیم کے ایک بولر نے ساتھی کھلاڑیوں سے کہا کہ گیند اب بہت زیادہ ریورس سوئنگ ہو رہی ہے، اس لیے اس کے ساتھ مزید کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔
خواجہ کے مطابق بولر نے کہا کہ گیند کی حرکت غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے، جس پر ٹیم کے بیشتر کھلاڑی ہنس پڑے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ انہوں نے پہلے ہی کیمرون کو خبردار کیا تھا کہ یہ شیفیلڈ شیلڈ کرکٹ نہیں بلکہ بین الاقوامی میچ ہے، جہاں ہر طرف کیمرے موجود ہیں۔
انہوں نے اس واقعے کے بعد ایک اہم سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے صرف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پکڑا گیا تھا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایسا اس سے پہلے نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے کسی مخصوص بولر کا نام نہیں لیا، اور واضح کیا کہ وہ بولرز پر ذاتی حملہ نہیں کرنا چاہتے، تاہم انہوں نے 2021 میں جاری کیے گئے ٹیم کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ اس واقعے میں پوری ٹیم سے غلطیاں ہوئیں اور کئی برس تک سب خاموش رہے۔
عثمان خواجہ کے مطابق گیند کی غیر معمولی ریورس سوئنگ کے باوجود جنوبی افریقہ نے میچ میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے 146 گیندوں پر ناقابل شکست 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جسے خواجہ نے عظیم اننگز قرار دیا۔
آسٹریلیا اپنی دوسری اننگز میں 239 رنز بنا سکا، جبکہ جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
سابق کینگروز کرکٹر کے مطابق پروٹیز بولرز بھی دوسری اننگز میں تقریباً 21 اوورز کے بعد گیند کو غیر معمولی ریورس سوئنگ کرانے لگے تھے، آسٹریلوی ٹیم کو معلوم نہیں تھا کہ جنوبی افریقہ کے بولرز گیند کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، تاہم وہ اسے ریورس سوئنگ کرانے میں آسٹریلیا سے بہتر ثابت ہوئے، حالانکہ آسٹریلوی ٹیم خود سینڈ پیپر استعمال کرچکی تھی۔