اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ کیسی آزادی ہے کہ معاشی طور پر ہم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے غلام ہیں اور کہتے ہیں یہ خداداد ملک پاکستان ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان کے علاقے بن کورائی میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے لگائے گئے کیمپوں کے دورے کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اگر گزشتہ 75 برس کے دوران وہ ممالک جنہیں ہم حقارت کی نظر سے دیکھتے تھے وہ ممالک اتحاد، محنت، دیانت اور اسلامی تعلیمات میں ملنے والے رہنما اصولوں کے ساتھ کام کرکے ہم سے آگے نکل گئے جبکہ ہم بہت پیچھے رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیے گئے اس ملک کو گزشتہ 72 برسوں میں ہم نے کیا دیا، یہ ہے وہ لمحہ فکریہ، یہ ہے وہ سوال جس کے جواب کے لیے ہم سب کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے کہ اتنے قدرتی وسائل اور معدنی دولت کے باوجود ہم پیچھے کیوں ہیں۔
یہ کیسی آزادی ہے کہ معاشی طور پر ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، وزیراعظم








