بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی جیل میں قید وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو قرآن مجید کا مطالعہ کرنے لگے

وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو(Nicolás Maduro) نے امریکی جیل میں دورانِ حراست اپنا زیادہ تر وقت مذہبی کتابوں اور فلسفے کے مطالعے میں گزارنا شروع کردیا ہے جبکہ وہ قرآن پاک اور بائبل کا بھی مطالعہ کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نکولس مادورو سے متعلق اس پیش رفت کا انکشاف ایسے ذرائع نے کیا ہے جو ان کی حراست کی صورتحال سے واقف ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مادورو اپنے فارغ وقت کا بڑا حصہ قرآن پاک اور بائبل پڑھنے میں صرف کرتے ہیں جبکہ انہوں نے یہودیت میں بھی دلچسپی لینا شروع کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دورانِ حراست نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس دونوں کے وزن میں نمایاں کمی آئی ہے۔ صحافیوں نے سیلیا فلورس کی صحت کی صورتحال کو بھی غیر مستحکم قرار دیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق سیلیا فلورس کو گرفتاری سے قبل رحم نکالنے کے آپریشن سے گزرنا پڑا تھا۔ مزید یہ کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکی حراست کے دوران انہیں دل کا دورہ بھی پڑا جبکہ ان کے دو دانت بھی ضائع ہوچکے ہیں۔

مزیدپڑھیں:ایران کی دھمکیاں، امریکی وزیر خزانہ نے گھر چھوڑ کر فوجی اڈے پر پناہ لے لی

دوسری جانب سیلیا فلورس کے وکلا نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا ہے کہ امریکی حراست کے دوران انہیں ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑا تھا اور ان کا وزن 11 کلوگرام سے زائد کم ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ نکولس مادورو کی دورانِ حراست مذہبی کتابوں کے مطالعے اور ان کی اہلیہ کی صحت سے متعلق یہ تفصیلات امریکی میڈیا رپورٹس اور وکلا کے بیانات پر مبنی ہیں۔