بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

موسمی آفات کیخلاف منصفانہ اقدامات کیساتھ عالمی یکجہتی میں بدلنا ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کرہ ارض پر زندگی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی ذمہ داری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور منصفانہ اقدامات کے ساتھ ساتھ عالمی یک جہتی کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا ۔

جبکہ پاکستان ماحول دوست عملی اقدامات کے ذریعے مثال قائم کر رہا ہے ، پانی کو کبھی بھی بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور آبی معاہدوں پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد ناگزیر ہے۔

ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے سربراہی اجلاس میں قومی بیان پیش کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے 2025 میں پاکستان کے ضلع بونیر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نوجوان کا پورا گاؤں اس کی شادی سے صرف دو روز قبل سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا اور شادی کی تیاریوں میں مصروف گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ چند روز بعد انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے گھر، روزگار اور پیاروں کو کھو دیا تھا، یہ دکھ ان خاندانوں کا ذاتی المیہ تھا تاہم اس کے پیچھے موجود خطرے کی علامات پوری دنیا کے لیے ایک انتباہ تھی، یہ پاکستان سمیت ترقی پذیر دنیا کے کروڑوں لوگوں کی کہانی ہے جن کا موسمیاتی تبدیلیوں میں حصہ سب سے کم ہے لیکن اس کے سنگین ترین نتائج انہیں بھگتنا پڑ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا تھا، 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 1,700 سےزیادہ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ معاشی نقصانات 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے تھے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ چار سال قبل اقوام متحدہ میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ پاکستان میں رونما ہونے والے واقعات پاکستان تک محدود نہیں رہیں گے، بدقسمتی سے یہ انتباہ اب حقیقت بن چکا ہے اور جس مستقبل کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، وہ آج ہماری زندگیوں کا حصہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سرحدوں کے پابند نہیں اور کوئی بھی ملک تنہا ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، اس لیے عالمی یکجہتی کا مطلب عملی اقدام ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے 2010 اور 2022 کے تباہ کن سیلابوں کے دوران پاکستان کا ساتھ دینے پر ترک صدر رجب طیب اردوان، خاتون اول امینہ اردوان اور ترک عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دوستی اور یک جہتی ہمیشہ پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ’ڈوم پلیسمنٹ‘ کی تقریب میں شرکت کی جو فعال ہونے کے بعد 1,200 میگاواٹ صاف اور کاربن کے اخراج سے پاک بجلی پیدا کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عملی مثال قائم کر کے قیادت کر رہا ہے اور صرف دو برسوں میں ملک میں ترسیلی شمسی توانائی کی صلاحیت میں 20 گیگاواٹ سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے، پاکستان کے توانائی کے مجموعی ذرائع میں صاف توانائی کا حصہ اب تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے، ملک میں برقی نقل و حرکت کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ 2035 تک کاربن اخراج میں 50 فیصد تک کمی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قومی سطح پر کی جانے والی کوششیں منصفانہ عالمی ردعمل کا متبادل نہیں ہوسکتیں، موسمیاتی آفات کی صورت میں متاثرہ ممالک کو بروقت مدد اور ایسی مالی معاونت درکار ہوتی ہے جو ان کے قرضوں میں مزید اضافہ نہ کرے، وزیراعظم نے اس مقصد کے لیے سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری سمیت گرانٹ پر مبنی مالی معاونت اور موسمیاتی لچک و موافقت کے فنڈز میں نمایاں اضافے پر زور دیا جو مشکلات سے دوچار معیشتوں کے لیے بقا کے فنڈز کے برابر ہو۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ پانی کو کبھی بھی بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ زیریں علاقوں میں آباد لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کو خطرے میں ڈالے، پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدوں پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی رہنما زمین پر زندگی کے تحفظ کی مشترکہ ذمہ داری نبھانے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، ’کوپ 31 ‘ کی کامیابی کا پیمانہ یہاں کیے جانے والے وعدے نہیں بلکہ وہ خاندان ہونے چاہئیں جن کو ہم تحفظ فراہم کریں ، وہ وسائل ہونے چاہئیں جو ہم فراہم کریں اور وہ بامعنی اقدامات ہونے چاہئیں جنہیں مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔

مزید پڑھیں:نیویارک، 3 منزلہ قدیم عمارت زمین بوس، 8 افراد ہلاک، 17 زخمی

انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور عوام کا پرتپاک میزبانی اور کانفرنس کے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا جبکہ مذاکرات کی صدارت کے حوالے سے آسٹریلیا کے اہم کردار کو بھی سراہا۔