بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان

ملک کے مختلف حصوں میں موسم (Weather)نے کروٹ بدل لی ہے جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے ملک بھر میں موسم مزید سرد ہو جائے گا۔

شمالی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری نے قدرتی مناظر کو مزید نکھار دیا ہے جہاں سوات کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے اور سیاحتی مقامات کے دلکش نظارے دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

وادی کاغان کے بلند و بالا پہاڑ بھی برف کی سفید چادر میں چھپ چکے ہیں جبکہ ناران، جھیل سیف الملوک اور بابوسر ٹاپ پر قدرت نے سفیدی کے دلکش رنگ بکھیر دیے ہیں۔

مزیدپڑھیں:ترکیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 4 فوجی اہلکار جاں بحق

اس حسین صورتِ حال سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک بھر سے برفباری کے شوقین سیاح ان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں جہاں برف کے گالوں کی اٹھکھیلیوں اور سرد ہواؤں کے سنگ یادگار تصویریں اور سیلفیاں بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور سردی نے اپنے اثرات دکھانا شروع کر دیے ہیں۔ وادی نیلم اور اس کے گردونواح میں ہونے والی بارش سے موسم سرد ہو چکا ہے جبکہ مظفرآباد میں بھی ہلکی بارش کے بعد خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ پاراچنار، اپر اور سینٹرل کرم کے ساتھ ساتھ دیر بالا میں بھی بادل خوب برسے ہیں، جس سے بالائی علاقوں میں معمولات زندگی پر بھی سردی کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں۔