بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حسینہ واجد کی واپسی کا اعلان، بنگلہ دیش میں ہنگامے، نیم فوجی اہلکار تعینات

ڈھاکا: بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے منصوبے کے خلاف اور حق میں جاری کشیدگی کے باعث حکومت نے سکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔

ملک بھر میں سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں، جبکہ گزشتہ دس روز کے دوران بم دھماکوں، گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے اور احتجاجی مظاہروں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت مخالف پُرتشدد احتجاج کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں، جہاں وہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں، انہوں نے نیا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کرنے کی درخواست دیتے ہوئے دسمبر میں وطن واپس آنے کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم حکومت نے تاحال ان کی درخواست مسترد کر رکھی ہے۔

حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ نے ان کی واپسی کے حق میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں پر مشتمل ایک ہفتے کے پروگرام کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام آج ملک گیر لاک ڈاؤن کی صورت میں ہونا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ دس روز میں کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں پولیس اہلکار اور شہری بھی زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق منگل کی رات سابق وزیراعظم کے آبائی علاقے گوپال گنج کے قریب احتجاج کے دوران نامعلوم افراد نے حکمران جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر قتل کردیا۔

اسی رات ڈھاکا میں وزیر ثقافتی امور نتائی رائے چوہدری کی رہائش گاہ کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا، جبکہ گوپال گنج میں بی این پی کے ایک رکن پارلیمنٹ کے گھر اور جماعت کے حامیوں کی دکانوں کو بھی آگ لگائی گئی۔

حکام کے مطابق صبح جنوبی ضلع پیروج پور میں دو بسوں کو آگ لگائے جانے کے واقعے میں ایک بس کمپنی کا معاون جھلس کر ہلاک ہوگیا، پولیس ترجمان کاماروم منیرا کے مطابق حالیہ واقعات میں کم از کم سات پولیس اہلکار زخمی اور آٹھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

یہ واقعات ایسے دنوں میں پیش آئے ہیں جب ایک سال قبل مقامی عدالت نے 2024 کی طلبہ تحریک کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے جرم میں شیخ حسینہ کو سزائے موت سنائی تھی۔

بنگلہ دیش میں بدامنی کے دوران نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے قائم کردہ گرامین بینک کی شاخیں اور دفاتر بھی حملوں کی زد میں آئے ہیں۔ بینک کے مطابق 10 نومبر سے اب تک اس کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آگ لگانے یا آگ لگانے کی کوششوں کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ منگل کی نصف شب کے بعد مزید 14 مقامات پر حملے ہوئے۔

محمد یونس نے شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی قیادت کی تھی اور انہیں حسینہ کے حامیوں کی مخالفت کا سامنا رہا ہے۔

ڈھاکا پولیس کے ترجمان نیاز مہدی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالعدم تنظیموں، جن میں عوامی لیگ اور اس سے وابستہ گروہ بھی شامل ہیں، کے کم از کم 71 ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:قومی ٹیسٹ سکواڈ سے فاسٹ باؤلر علی شبیر کو ریلیز کر دیا گیا

دوسری جانب حکمران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی حکومت نے ملک میں ہونے والے تشدد کا الزام شیخ حسینہ کی کالعدم جماعت عوامی لیگ پر عائد کیا ہے، تاہم پولیس نے گوپال گنج میں ہونے والے حملوں کے مشتبہ افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی۔