راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے گرفتار رہنما چودھری تنویرکو دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کے زیر حراست ن لیگی رہنما چودھری تنویر کوطبیعت خراب ہونے پر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد انہیں داخل کر لیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری تنویر کے کچھ ٹیسٹ کئے جائیں گے اور ان ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا جا سکے گا کہ انہیں مزید کب تک اسپتال رکھنا ہے۔اس سے پہلے چودھری تنویر کو محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈیوٹی جج مجتبی الحسن کی عدالت میں پیش کیا، ان کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل کی تکلیف ہے اور انہیں طبی امداد کی ضرورت ہے، تاہم عدالت نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے طبی معائنہ کرنے، ادویات کی فراہمی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔واضح رہے کہ سابق لیگی ایم این اے چوہدری تنویر کی گرفتاری جناح ٹرمینل ایئرپورٹ پر اس وقت عمل میں آئی جب وہ ایک غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جارہے تھے، وہ بدعنوانی کے کیسز میں اینٹی کرپشن پنجاب کو مطلوب تھے اور ان کا نام واچ لسٹ میں بھی ڈالا گیا تھا۔
گرفتار ن لیگی رہنما چودھری تنویر کی طبیعت بگڑگئی، ہسپتال منتقل








