بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر ایف آئی اے کی تحریک انصاف کیخلاف کارروائی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن میں ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر تحریک انصاف فنانس ونگ ممبران کے خلاف وفاقی تحقیقات ادارے( ایف آئی اے) نے کارروائی کا آغاز کردیا جبکہ پی ٹی آئی رہنماوں نے ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس کو اسلام آباد میں چیلنج کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے تحقیقات کے سلسلے میں تحریک انصاف کیخلاف 5 مختلف انکوائری ٹیمیں بنادی گئیں۔
حکام ایف آئی اے کے مطابق تحریک انصاف کیخلاف پانچ مختلف انکوائری ٹیمیں بنادی گئی ہیں اور یہ انکوائری کمیٹیاں لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں کام کریں گی۔
حکام ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی سے متعلقہ ریکارڈ مانگا جائے گا، جب کہ پانچوں ٹیموں کو ہیڈکوارٹر میں ایک بڑی کمیٹی سپروائز کرے گی۔
ادھر ایف آئی اے کی کارروائی کے خلاف پی ٹی آئی مرکزی سیکریٹریٹ کے ذمہ داران نے ایف آئی اے کی کارروائی کو اسلام آباد میں چیلنج کیا ۔
عدالت سے رجوع کرنے والوں میں محمد ارشد، محمد رفیق اور طاہر اقبال شامل ہیں جب کہ درخواست گزاروں کی جانب سے شاہ خاور ایڈوکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی رہنماوں کے درخواست پر ایف آئی اے سے 10 اگست تک جواب طلب کرلیا۔