بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایمن الظواہری پرڈرون حملہ، پاکستان کی سرزمین استعمال ہونے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا ،ترجمان پاک فوج

راولپنڈی(نیوزڈیسک)پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل بابر افتخار نے کہاہے کہ القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری پرڈرون حملے میں سوال ہی پیدانہیں ہوتا کہ پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہو،وزارت خارجہ کی وضاحت کے بعد اس معاملے پر کسی بیان کا تک نہیں بنتا،بے جاقسم کے بیانات کا نقصان صرف اور صرف اپنے ملک اور قوم کاہوتا ہے،یہی ففتھ جنریشن وار ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابر افتخار نے ایمن الظواہری کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت سےمتعلق سوشل میڈیامہم کے حوالے سے ایک سوال پر کہاکہ ایمن الظواہری کے واقعہ پر وزارت خارجہ نے بہت واضح بیان جاری کردیا ہے ، سوال ہی پیدانہیں ہوتا کہ پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہو ،بے جاقسم کا بیان دیاجاتا ہے جس کا کوئی ثبوت نہیں ،وضاحت کے بعد کسی بیان کا تک نہیں بنتا،قیاس آرائیوں اور ایسی چیزوں سے ہمیں اجتناب کرناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ جس کا جو دل چاہے سوشل میڈیا پر لکھ دیتا ہے خاص طور پر ہمارے دشمن ممالک کی طرف سے یہ چیزیں فیڈکی جاتی ہیں،ہم پہلے بھی کئی بار ففتھ جنریشن وار کی بات کرچکے ہیں۔انہوں کہاکہ بے جا قسم کے بیانات دے دیئے جاتے ہیں جن کا نہ تو کوئی ثبوت اور نہ کوئی جوازہوتا ہے،اس سے نقصان صرف اور صرف اپنے ملک اور قوم کاہوتا ہے۔
میجرجنرل بابر افتخار نے کہاکہ یکم اگست کو افسوسناک واقعہ پیش آیا ،حادثے کاشکارہونے والاہیلی کاپٹر فلڈریلیف کی کارروائیوںمیں مصروف تھا ،لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی فلڈ ریلیف کی نگرانی کررہے تھاکہ اس دوران لسبیلہ کے قریب موسم کی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے کہاکہ حادثے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈاشروع کردیاگیا جس سے ادارے اور پوری قوم کی دل آزاری ہوئی ۔میجرجنرل بابر افتخار نے کہاکہ یکم اگست کے بعد سے ہم کرب سے گزررہے ہیں،ایسے موقع پر منفی اور نفرت انگیز مہم اوربے حس رویہ ناقابل قبول ہے، ہر سطح پر اس کی مذمت کی جانی چاہیے ،ایسے عناصر کومستردکرنے کی ضرورت ہے،منفی پروپیگنڈانہیں ہوناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم شہداکے خاندانوں اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ،قوم کا جتناشکریہ اداکیا جائے کم ہے۔