بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی عرب میں پاکستانی سفارتحانے کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر تقریب کا انعقاد

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیرکی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی. دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب میں مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پانچ اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی منسوخی مسلمان کشمیری عوام کے خلاف کھلی دہشت گردی ہے جس کے بعد بھارتی مسلح فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم میں مزید تیزی آئی ہے اور کشمیر کی الگ شناخت ختم کرنے کی گھناونی سازش کی جا رہی ہے مگر مقبوضہ کشمیر کی غیور عوام ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی اور ہم تحریک آزادی کشمیر کے لئے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے. سفیرِ پاکستان امیر خرم راٹھور کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم مسلسل بھارتی جارحیت اور ظلم وستم کا شکار ہو رہی ہے اب عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کروائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دلوائے. تقریب سے کشمیری رہنما مشعال ملک سمیت آزاد جموں کشمیر اوورسیز کمیشن کے وائس چیرمین محمد اصغر قریشی، حافظ عبدالوحید سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ الیاس رحیم نے یومِ استحصال کشمیر کی مناسبت سے قرارداد پیش کی جسے تمام حاضرین نے منظور کیا. تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران کی جانب سے صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جن میں مسئلہ کشمیر کے حل تلک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا تھا.