بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی کے مسائل پر ایم کیو ایم پاکستان جدوجہد کر رہی ہے، وسیم اختر

کراچی (نیوزڈیسک)ڈپٹی کنوینر و سابق مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل پر ایم کیو ایم پاکستان جدوجہد کر رہی ہے۔
بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ بارش کے موسم میں میڈیا کے دوستوں کو تکلیف دینے پر معذرت خواہ ہیں، میڈیا کے توسط سے ہم تمام مسائل سے عوام اور ارباب اختیار کو آگاہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری، حلقہ بندیاں، جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں اور سیاسی آزادی نہیں دی جارہی،آج بہت سارے ساتھیوں نے ہمیں جوائن کیا ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد کو دیکھتے ہوئے ان تمام لوگوں نے ہمیں پھر سے جوائن کیا ہے،ان تمام لوگوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ حقوق کی اس جدوجہد میں ایم کیو ایم پاکستان کا ساتھ دیں گے۔
سابق مئیر کراچی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں حکومت کو انتباہ کرتا ہوں کہ ایک طرف آپ معاہدے کریں اور دوسری طرف ایسے اقدامات کریں جس سے ہمیں نقصان پہنچے۔
وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم کارکنان کی ہے اور کارکنان ہی ایم کیو ایم کی طاقت ہیں،واپس آنے والے تمام ساتھی اپنے بھرپور عزم کے ساتھ جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے مسائل پر ایم کیو ایم پاکستان جدوجہد کر رہی ہے اور اس حوالے سے ہم عدالتوں میں بھی گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں میں غیر منصفانہ طرز عمل اختیار کیا گیا جبکہ جعلی ڈومیسائل بنا کر روزگار میں مقامی لوگوں کا حق مارا جارہا ہے اور شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔
ڈپٹی کنوینر و سابق مئیر کراچی وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ کل رابطہ کمیٹی کی میٹنگ میں یہ سارے معاملات زیر بحث آئے جبکہ رابطہ کمیٹی کو معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش ہے، اس پر بہت جلد رابطہ کمیٹی اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔