اسلام آباد (نیویارک)ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے قومی سلامتی اور اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں خبردار کیا ہے کہ حکومت ایسی کوئی بھی مزموم کوشش برداشت نہیں کرے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ لسبیلہ قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ شہداء قوم کے ہیرو ہیں اور اُن کا احسان کبھی نہیں اتارا جا سکتا۔
فرح عظیم شاہ کا کہنا ہے کہ متحد ہو کر پاکستان کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے، کوئی محب وطن ملکی سالمیت کے خلاف بات نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے متحد ہوجائیں، بلاجواز پروپیگنڈا نہیں ہونا چاہئے، تمام رنجشوں کو بھلا کر متحد ہوجائیں کیونکہ آج ہمیں ایمان، اتحاد اور تنظیم کی سخت ضرورت ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ اپنے تمام پاکستانیوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ہم سب نے متحد ہوکر ایسی بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہے جن سے پاکستان کی سالمیت اورترقی کو نقصان پہنچے۔
فرح عظیم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام اپنی افواج کی شانہ بشانہ کھڑی ہے کیونکہ پاک فوج ہی ہماری سلامتی کی ضامن ہے اور ہماری جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ ہماری نظریاتی سرحدوں کی بھی محافظ ہے۔
قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم برداشت نہیں کریں گے، فرح عظیم شاہ







