بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیرکے آئینی اور انتظامی اختیارات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آل پارٹیز کانفرنس

 مظفرآباد(نیوزڈیسک) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاء نے اتفاق کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئینی اور انتظامی اختیارات پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مشترکا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام جماعتوں نے عبوری آئین میں مجوزہ ترمیم سے اختیارات کی واپسی کو مسترد کردیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے کشمیری تحریک آزادی کو کچلنے کے اقدامات کی شدید مذمت کی گئی جبکہ بلوچستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران،جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سفارتی محاذ پر بھارت کے غیرآئینی وغیرقانونی اقدامات کو اٹھائے۔
کانفرنس سے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اختیار واپس کرنے والی کسی آئینی ترمیم کا حصہ نہیں بنے گی ۔ تقسیم جموں کشمیر کی کوئی بھی بھارتی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی بھی مسودہ سرکاری طور پر وصول نہیں ہوا جبکہ حکومت نے 15ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے کوئی کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم پاکستان فوج کے سینئر افسران کی بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اس ملک کی محافظ ہیں اور فوج کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔