بارسلونا (نیوزڈیسک) بارسلونامیں پاکستانی قونصلیٹ سے کرپشن کے الزام پر نکالی گئی ایک ملازمہ کی طرف سے قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ پر ہراسمنٹ کا الزام عائد کئے جانے کے بعد ان کے حق میں قونصل خانے کے سامنےایک بڑا مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ظلم ہو گا،ہم وہاں کھڑے ہوں گے،قونصلیٹ ہم پاکستانیوں کا اپنا ادارہ ہے،ہمارے ملک کا وقار ہے۔انہوں نے کہاکہ مفاد پرست ٹولہ بے ایمانی، سازش اور جھوٹے الزامات سے شریف النفس انسان کی پگڑی اچھالنا چاہتا ہے،کمیونٹی اسے اپنی جھوٹی سلطنت قائم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ نے ایک ملازمہ کو قونصلیٹ میں کرپشن کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا اور قونصلیٹ سے نکال دیا تھا۔ خاتون پر کمیونٹی کے ساتھ برے روئیے، بدتمیزی اور قونصلیٹ میں کام کے لئے آنے والوں سے گالی گلوچ کا الزام بھی تھا۔اس کے بعد سفیر شجاعت علی راٹھور، قونصل جنرل پر دبائو ڈالتے رہے کہ اس خاتون کو بحال کریں۔ قونصل جنرل کے مسلسل انکار پر جب سفیر کو یقین ہو گیا کہ قونصل جنرل اس خاتون کو بحال کرنے پر تیار نہیں تو خاتون سے شریف النفس قونصل جنرل پر دست درازی کے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کروا دیئےجس کے بعد بارسلونا کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
کمیونٹی کا کہنا تھا کہ قونصل خانہ کا مسئلہ ہراسمنٹ نہیں بلکہ گزشتہ دور میں ہونے والی کرپشن ہے۔کمیونٹی نے گزشتہ دور میں قونصل خانہ میں ہونے والی کرپشن پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے وہیں فارن آفس سے شجاعت علی راٹھور اور سابقہ قونصل جنرل عمران علی چوہدری کو بارسلونا کے معاملات میں مداخلت بند کرنے کا پیغام بھی دیا۔
کمیونٹی کا کہنا تھا کہ ایمبیسڈر شجاعت علی راٹھور ذاتی مفاد اور شوق کی خاطر دنیا بھر میں پاکستان کا تماشہ بنا رہے ہیں۔انھیں سپینش اخبارات میں پریس ریلیز جاری کرنے سے پہلے سو مرتبہ پاکستان کے وقار کا خیال ہونا چاہیے تھا۔
کمیونٹی کا کہنا تھا کہ ہم ڈٹ کر قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔کیونکہ وہ ایک باکردار، ایماندار انسان اور کمیونٹی کے حقیقی خیر خواہ ہیں۔
کمیونٹی نے واضح کیا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہم سفارتخانہ میڈرڈ کے سامنے یا پاکستان جا کر فارن آفس اور پارلیمنٹ کے سامنے بڑے مظاہرے کریں گے۔
خاتون کا ہراسمنٹ کا الزام، بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی کا قونصل جنرل سلمان بابر بیگ کے حق میں مظاہرہ








