بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان کیخلاف بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کی درخواست خارج

اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت نے عمران خان کے خلاف بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کے بیک وقت 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست قبل از وقت دائر کی گئی آپ واپس لیں گے یا خارج کردی جائے۔ کیا کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں؟

وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ جی ابھی تک ان حلقوں میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جس پرعدالت نے کہا کہ آپ وہاں الیکشن کمیشن میں اعتراض اٹھا سکتے ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت سے کہا کہ عمران خان نے نو حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

جسٹس شاہد جمیل خان نے درخواست پر سماعت کی، درخواست امن ترقی پارٹی پنجاب کے صدر میاں آصف محمود نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی۔

درخواست میں عمران خان، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمران خان نے 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان ابھی بھی ایم این اے ہیں ان کا استعفی منظور نہیں ہوا۔ عمران خان ایم این اے ہوتے ہوئے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ ماضی میں عمران خان، بلاول بھٹو اورعلیم خان نے ایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیا۔ رولز میں ترمیم کر کے ایک شخص کو ایک ہی نشست سے الیکشن لینے میں حصہ لینے کا پابند کیا جائے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کہ گئی کہ عمران خان ایم این اے ہیں انہیں 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے۔