بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعظم کی سیلاب زدگان کی آبادکاری کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں وزیرمواصلات مولانااسعدمحمود، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان، وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ، ممبر صوبائی اسمبلی ثناءاللہ بلوچ، چیئرمین این ڈی ایم اے اورمتعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں وزیر اعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی امداد اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے جاری صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں پر تفصیلی سے بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے متاثرین کی آباد کاری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تمام وسائل کو بطریق احسن بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے متاثرہ لوگوں کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بروقت بحالی کو یقینی بنانے کے لیے این ڈی ایم اے اوراین ایچ اے کے کردار کو سراہا اور انہیں مزید بارشوں کے امکان کے تناظر میں اپنی صلاحیتوں کو زیادہ بہتر بنانے کی ہدایت کی۔