اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن کو امیدواروں کی اسکروٹنی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ارکان اسمبلی اور امیدواروں کی ٹیکس اسٹیٹمنٹس فراہم نہ کی جا سکیں، ایف بی آر ارکان اسمبلی اور امیدواروں کی ٹیکس اسٹیٹمنٹس فراہم کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے جس پر الیکشن کمیشن حکام نے ایف بی آر کے رویہ کی چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو شکایت کر دی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت الیکشن کمیشن کسی بھی ادارے سے معلومات طلب کر سکتا ہے، چیئرمین ایف بی آر کو ہنگامی طور پر بلایا جاتا ہے۔
ادارے نے کہا کہ ڈی جی پولیٹکل فنانس چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کر کے معلومات حاصل کریں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات میں امیدواروں کی اسکروٹنی کے لیے ٹیکس معلومات درکار ہیں۔
الیکشن کمیشن کو امیدواروں کی اسکروٹنی میں مشکلات کا سامنا








