اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں سے کاغذاتِ نامزدگی جمع ہو گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں خواتین کی مخصوص نشست کیلئے شاندانہ گلزار، روحیلہ حامد اور مہوش علی میدان میں آ گئی ہیں۔
ملکی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک امیدوار بیک وقت 9 حلقوں سے انتخاب لڑےگا۔عمران خان مردان، چارسدہ، پشاور، کرم، فیصل آباد ، ننکانہ، ملیر، کورنگی اور کراچی ساؤتھ سے الیکشن لڑیں گے۔
این اے 22، 24، 31اور 45، این اے 108،118،237، 239 اور 246 میں بھی عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ان 9 حلقوں میں پولنگ 25 ستمبر کو ہوگی۔
خیال رہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 28 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کے 11 ارکان کے استعفے قبول کرلیے تھے اور انہیں خالی ہونے والی نشستوں پر 25 ستمبر کو الیکشن ہونے جارہے ہیں۔
عمران خان کے تمام 9 حلقوں سے کامیابی کی صورت میں انہیں 8 حلقوں کو چھوڑ کر ایک کا انتخاب کرنا ہوگا اور وہ میانوالی کی نشست سے پہلے ہی رکن قومی اسمبلی ہیں۔
عمران خان کے الیکشن جیتنے کی صورت میں قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں دوبارہ ضمنی الیکشن ہوگا اور اس صورت میں ایک مرتبہ پھر الیکشن پر 50 سے 90 کروڑ روپے تک اخراجات آئیں گے۔
عمران خان کےکاغذات نامزدگی جمع، پہلی مرتبہ ایک امیدوار 9 حلقوں سے انتخاب لڑےگا








