اسلام آبادس(ممتاز نیوز )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان کی 75 ویں جشن آزادی کے موقع پر قوم کے نام مبارکباد کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان انتھک محنت اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا،ملک خداد پاکستان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے،
پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے کہ اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کریں،اتوار کویوم آزاد ی کے موقع پرجاری پیغام میں اسپیکرقومی اسمبلی کاکہناتھاکہ آج کا دن ہمیں اپنے اجداد کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے باعث آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں،پوری قوم اس سال پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہی ہے،
قومی اسمبلی نے ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں 10 اگست سے 14 اگست تک خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا،ڈائمنڈ جوبلی تقریبات میں خواتین ، بچوں ، نوجوانوں اور سابق ممبران پارلیمنٹ کے کنونشنز منعقد ہوئے،کنونشنز میں خواتین، بچوں اور سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ نے ملک مسائل پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا،
ڈائمنڈ جوبلی کنونشن میں بچوں نے ملک کے معروضی حالات اور مسائل کے حل کے لیے شاندار الفاظ میں اظہار خیال کیا،اسپیکر قومی اسمبلی کاکہناتھاکہ ہماری آنے والی نسل میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جسے بروئے کار لا کر ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے،موجودہ اتحادی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے،موجودہ حکومت ان تمام خوابوں کو شرمندہ تعمیر کرنا چاہتی ہے
جو ہمارے آبا و اجداد نے اس وطن کے لیے دیکھے، آج اس تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کریں گے،ملک خداد پاکستان پر جب بھی کڑا وقت آئے گا کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں لازوال قربانیاں دی ہیں









