ریاض(نیوزڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب ،سفیر امیر خرم راٹھور نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی، سعودی اور پاکستانی گلوکاروں نے ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا۔تفصیلات کے مطابق سفارت خانہ کے چانسری ہال میں منعقدہ تقر یب میں تینوں مسلح افواج کے فوجی افسران سمیت کمیونٹی ممبران کے مردوخواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور سمیت دیگر سفارتی افسران بھی شریک تھے ۔اس موقع پر سفیر امیر خرم راٹھور نے قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کیا جبکہ فوجی جوانوں نے سلامی پیش کی۔ سعودی گلوکار احمد سلطان اور پاکستانی گلوکار سلیم رفیق نے ملی نغمے گا کر وطن سے محبت کے جذبے کو ابھارا جبکہ منچلے نوجوانوں نے قومی نغموں پر خوب رقص بھی کیا جبکہ تاریخ پاکستان سے متعلقہ کوئز پروگرام کے ذریعے شرکاء نے ڈھیروں انعامات بھی جیتے۔سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لئے بھرپور خوشیوں بھرا دن ہے ہمارے قیام کے 75 سال پورے ہوچکے ہیں قیام پاکستان کے بعد پاکستان نے ترقی کا شاندار سفر کا آغاز کیا جو جاری ہے اور ہمیں ملکر یہ عہد کرنا ہوگا کہ پوری قوم ملکر پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ خرم راٹھور نے کہا کہ سعودی عرب بھر میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں جو وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لئے تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں جس سے باخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اوورسیز پاکستانی کس قدر اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم ایک جان ہوکر ترقی یافتہ سوچ کو اپنا کر آگے بڑھے تاکہ پاکستان اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوسکے. پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ پاکستان ملک سے باہر ہماری شناخت اور پہچان ہے جس پر ہمیں فخر ہے ۔ تقریب میں صدر پاکستان وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جبکہ چودہ اگست یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔










