بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون جب کہ شہباز گل کی جانب سے وکیل شعیب شاہین، فیصل چودھری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے شہباز گل کیس میں وکلا کو سیاسی بات کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ کوئی سیاسی رائے نہیں بلکہ عدالت میں قانونی بات کی جائے۔

عدالت نے شہباز گل کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست ضمانت زیر التوا ہے، یہ ریمانڈ ایشو بھی ہے ۔ ایف آئی آر معطل کرنے کا کوئی تصور نہیں ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پہلے ریمانڈ اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں۔
وکیل شعیب شاہین نے استدعا کی کہ ‏پہلے ایف آئی آر کالعدم کرنے کی درخواست کی سماعت کی جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ پہلے ریمانڈ سے متعلق نظرثانی درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں ۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ ‏جوڈیشل مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ دینے کی بجائے جوڈیشل کردیا۔

بحث اور دلائل کے بعد عدالت نے استفسار کیا کہ ضمانت کب کے لیے مقرر ہے؟ ، جس پر وکیل نے بتایا کہ آج ساڑھے بارہ بجے سماعت کے لیے مقرر ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہر کام فاسٹ ٹریک پر کررہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست قابل سماعت ہوئی تو میرٹ پر دلائل کی تاریخ رکھیں گے۔