بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ممنوعہ فنڈنگ کیس: اسد قیصرکے وکیل نے ایف آئی اے کو نوٹس واپس لینےکیلئے خط لکھ دیا

پشاور(نیوزڈیسک)ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے وکیل نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کو نوٹس واپس لینےکے لیے خط لکھ دیا۔
خط میں اسد قیصر کے وکیل کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے اختیارات سے متعلق کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، پشاور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اختیارات سے متعلق چھ سوالات کیے، ا یف آئی اے کو ہائی کورٹ کے فیصلےکا انتظار کرنا ہوگا۔
وکیل اسدقیصر کا کہنا ہےکہ ان کا مؤکل ایسے آفیسر کے سامنے پیش نہیں ہوسکتا جس کے پاس اختیار ہی نہ ہو، ایف آئی اے نوٹس واپس لے ۔
اسد قیصرکو بھیجےگئے ایف آئی اے کے نوٹس میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے مطابق آپ کے 2 بینک اکاؤنٹس ہیں، اسد قیصر 2 بینک اکاؤنٹس کھولنے اور انہیں چلانے سے منسلک ہیں لہٰذا انکوائری ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں حاضر ہوں اور بینک اکاؤنٹس کے بارے میں سوالات کے جواب دیں۔
واضح رہےکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلےکے بعد ایف آئی اے حرکت میں آگئی ہے اور مختلف شہروں میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے اسد قیصر سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو طلب کر رکھا ہے۔