دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات منارٹی ونگ، لیڈیز منارٹی ونگ دبئی اور مسیحی کمیونٹی کی طرف سے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے رنگارنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان ، مسلم لیگ ن یو اے ای منارٹی ونگ کے صدر جان قادر، مسلم لیگ ن دبئی کے سینئر نائب صدر محمد شہزاد بٹ، میاں غلام محی الدین، وقاص گھمن، خواجہ عبدالوحید پال، سناور گل،سمیرا،ذیشان، سونیا ندیم، سہیل سناور، گل یاسمین، پاسٹر صابر مسیح اور مسیحی کمیونٹی کے بگٹ سے لوگوں نے شرکت کی۔ یوم آزادی کے موقع پر ہال کو پاکستانی جھنڈوں اور جھنڈیوں کے ساتھ سجایا گیا ۔ نوجوان گلوکاروں نے ساز اور سر بکھیرے، قومی، ملکی اور ملی نغمے اور گیت گائے گئے، جنہیں تقریب کے شرکاء نے دلچسپی سے سنا- قونصل جنرل اور دیگر مہمانان خصوصی کی موجودگی میں تالیوں کی گونج میں عظیم الجثہ کیک کاٹا گیا۔اس موقع پر قونصل جنرل حسن افضل خان نے کہاکہ 1947 میں قیام پاکستان کے وقت مسیحیوں نے حصول آزادی اور حصول پاکستان کے لیے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ لازوال قربانیاں دی ہیں- اگر تاریخ کے اوراق کو پلٹ کر دیکھا جائے تومسیحیوں کی بیشمار مثالیں دیکھنے کو ملیں گی، جہاں انہوں نے اس خطہ ارض کے حصول کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں- پاکستان کے تمام سرکاری اداروں میں بھی مسیحیوں کا بھر پور کردار نظر اتا ہے۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ایک آزاد وطن کےباسی ہیں اور ہمیں یہ آزادی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک کوششوں کے باعث ملی،ہم اس آزادی کا جس قدربھی شکر ادا کریں وہ کم ہے،آزادی ایک نعمت ہے اس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے اور اپنے ملک کی عزت، مضبوطی اور سالمیت کے لئے کام کرنا چاہیے- تقریب کے آخر میں پاکستان مسلم لیگ ن، یو اے ای منارٹی ونگ کے صدر جان قادرنے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کی تواضع پر تکلف لنچ سے کی۔










