اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہےکہ پاکستان کا روشن مستقبل عمران خان کے ساتھ وابستہ ہے، قوم امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرچکی ، ملک میں عام انتخابات کا اعلان آخری حل ہے،22 کروڑ عوام کی امیدیں کپتان سے وابستہ ہیں۔
جمعہ کو کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ لیاقت باغ جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا ، کارکن جوش اور جذبہ کے ساتھ شرکت یقینی بنائیں ۔
غلام سرور خان اور ایم پی اے عمار صدیق خان کی زیر صدرات ہونے والی میٹنگ میں پی پی 19 ٹیکسلا شہر اور ٹیکسلا کینٹ کے ورکروں نے شرکت کی جس میں 21 اگست لیاقت باغ جلسے کے حوالے مشاورت کی گئی ،میٹنگ میں جلسے کے حوالے سے مختلف امور زیر غور آئے ۔
غلام سرور خان نے ہدایت کی کہ کارکن منظم طریقے سے جلسے میں اپنی اور ساتھیوں کی شرکت یقینی بنائیں ۔یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اتوار 21 اگست کو دن دو بجے پبلک سیکرٹریٹ وحدت کالونی ٹیکسلا سے ریلی کی صورت لیاقت باغ روانہ ہوں گے ۔
اس موقع پر ایم پی اے عمار صدیق خان نے کہا قوم وزیراعظم کی نشست پر عمران خان کو دیکھنا چاہتی ہے ۔









