مظفر آباد(نیوزڈیسک)وادی نیلم میں رتی گلی نالے میں کلاؤڈبرسٹ سے شدید طغیانی نے تباہی مچا دی ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں رتی گلی جھیل کے قریب کلاؤڈ برسٹ سے آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں آکرلاپتہ 5 میں سے 2 سیاحوں کی لاشیں مل گئیں۔
ڈپٹی کمشنرنیلم خواجہ اعجازکے مطابق 5 سیاح 13 اگست کو وادی نیلم آئے تھے اور مقامی افراد نے پانچوں سیاحوں کی سیلابی ریلے کی زد میں بہہ جانے کی تصدیق کی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 5 میں سے دو کی لاشیں دریا نیلم کشن گنگا کے کنارے سے مل گئی ہیں جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ رتی گلی کلاؤڈ برسٹ کے بعد علاقے میں پھنس جانے والے 200 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ سیلابی ریلے سے تین مکانات، منی ہائیڈرل پاوراسٹشن اورچارگاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
ماہرین کے مطابق کلاؤڈ برسٹ ایک قدرتی عمل ہے تاہم جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے بعد کلاؤڈ برسٹ کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
وادی نیلم میں بادل پھٹنے سے طغیانی ، 5 دوست بہہ گئے، 2 لاشیں برآمد








