اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کو سکیورٹی دینے سے معذرت کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف پر تشدد اور نجی ٹی وی کی بندش کے خلاف تحریک انصاف نے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ سے ریلی کی اجازت اور سیکیورٹی دینے کیلئے درخواست کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی درخواست کا جواب دے دیا ہے، جس میں انہوں نے ریلی کو سکیورٹی دینے سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس وجوہات کی بنا پر ریلی نکالنے اور سکیورٹی مہیا کرنے سے معذرت کی گئی ہے، اسلام آباد میں سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر گزشتہ کئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے۔
ترجمان ڈی سی نے کہا کہ قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی میں شریک افراد کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار ہوسکتی ہیں، جبکہ زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ بھی سکیورٹی رسک بن سکتا ہے۔
پی ٹی آئی ریلی کو سکیورٹی نہیں ملے گی،اسلام آباد انتظامیہ نے معذرت کرلی








