کامونکے (وقار نسیم وامق) رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل افیئرز چوہدری نور الحسن تنویر نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا وزیراعظم شہبازشریف کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامونکے میں منعقد تقریب سے خطاب میں کیا ۔ سعودی عرب میں مقیم معروف پاکستانی صنعتکار، سماجی رہنما اور تنظیم آرائیں سعودی عرب کے صدر چوہدری بشیر احمد آرائیں کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل آفیئرز ممبر قومی اسمبلی چوہدری نور الحسن تنویر اور ایم این اے چوہدری ذوالفقار بھنڈر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں عمائدین ، اوورسیز پاکستانیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے چوہدری محمد مبین، سیالکوٹ سے مرزا محمد الطاف اور گوجرانوالہ سے انجینئر راشد محمود بٹ نمایاں تھے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری نور الحسن تنویر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا اور برآمدات میں اضافہ ان کی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے، گزشتہ حکومت کی ناقص کارکردگی کے سبب پاکستان اپنے مطلوبہ تجارتی اہداف حاصل نہیں کرسکا لیکن وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی زیرقیادت پاکستان کی موجودہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ھے اور جلد اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔چوہدری نور الحسن نے چوہدری بشیر احمد آرائیں کی بطور اوورسیز پاکستانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوہدری بشیر احمد آرائیں بیرون ملک وطن عزیز پاکستان کی خدمت کے لئے پیش پیش رہتے ہیں۔انہوں نے چوہدری بشیر احمد کو پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں تیز تر کرنے پر زور دیا اور اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ایم این اے چوہدری ذوالفقار بھنڈر نے چوہدری بشیر احمد کی سماجی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انسانیت کی فلاح کا جذبہ رکھنے والے لوگ قابلِ قدر ہیں، ہماری سیاست کا محور انسانیت کی خدمت ہے اور ہم یہ خدمت ہمیشہ کرتے رہیں گے۔میزبان چوہدری بشیر احمد آرائیں نے معزز مہمانان اور تمام شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انسانیت کی فلاح اور بھلائی پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہئے، بیرون ممالک ہماری پہچان پاکستان ہے، پاکستان کی ترقی میں ہی ہماری ترقی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے برآمدات کو فروغ دینا ہے ، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی تک رسائی کو آسان بنا کر ہم مطلوبہ تجارتی اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا وزیراعظم کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے،چوہدری نورالحسن تنویر








