ملتان(نیوزڈیسک)این اے 157 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں،عوام کو حقیقی آزادی دلانا چاہتے ہیں،حقیقی آزادی کے حصول کیلئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، عمران خان خطے کے واحد لیڈر ہیں جن کے دل میں غریب عوا م کا درد ہےاور ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں،ساڑھے تین سال اقتدار میں رہ کر عمران خان نے غریب عوام کیلئے عوام دوست پالیسیاں بنائیں،سازش کے ذریعے عمران خان کو اقتدار سے الگ کرکے ملکی ترقی کا سفر روک دیا گیا،عوام عمران خان کا ساتھ دیں،عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں،حالیہ ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کو کامیاب کرکے رکی ہوئی ملکی ترقی کاسفر دوبارہ شروع کریں،عمران خان دوبارہ اقتدار میں آکر عوام دوست پالیسیوں کو دوبارہ شروع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی یونین کونسل کوٹلہ مہاراں میں منعقدہ خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حلقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد شریک تھیں۔انہوں نے کہا این اے 157 کے انتخاب میں حصہ لیکر خواتین‘ ماؤ ں‘ بہنوں اور بیٹیوں کی نمائندگی کررہی ہوں۔ یہاں کی خواتین عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ کامیاب ہونے کے خواتین کی نمائندگی کا بھر پور حق ادا کرونگی اور بلخصوص پسماندہ خواتین کے حقوق اور ان کی ترقی کیلئے عوام بلند کرونگی۔ انہوں نے کہا میرے خاندان کا این اے 157 بالخصوص کوٹلہ مہاراں کی عوام سے بہت پرانا تعلق ہے۔ میں اسی تعلق کو نبھانے کیلئے آج یہاں حاضر ہوئی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورہء حکومت میں خواتین کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے۔انشاء اللہ تحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد خواتین کی ترقی کیلئے مزید اقدامات اٹھاؤں گی اور خواتین کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا میرے خلاف پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ مہر بانو قریشی کو لوگ نہیں جانتے وہ باہر کی ہے۔ میں آج واضح کہ رہی ہوں کہ ملتان میری جائے پیدائش ہے۔ ملتان کی عوام سے والہانہ تعلق ہے۔ میں غوث پاک کی اولاد سے ہوں۔ شاہ محمود قریشی کی بیٹی ہوں۔ ملتان کا بچہ بچہ ہمارے خاندان کو بخوبی جانتا ہے۔ میرے والد اور بھائی کو اس حلقے کی عوام نے ہمیشہ عزت دی۔ اور اپنا نمائندہ منتخب کیا۔ انشاء اللہ یہاں کے عوام مجھے بھی اپنا نمائندہ منتخب کریں گے۔ اور انشاء اللہ ان کی نمائندگی کا حق ادا کرونگی۔ انہوں نے کہا مخالفین آپ کے ووٹ کی قیمت لگائیں گے۔سہانے خواب اور جھوٹے وعدے کریں گے۔ مخالفین کی باتوں میں نہ آئیں آپ نے اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچ کر ووٹ دینا ہے۔ عمران خان قوم کی ماؤں‘ بہنوں‘ بیٹیوں اور بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔11 ستمبر کو بلے پر ٹھپہ لگا کر عمران خان کا ساتھ دیں۔ تقریب سے تحصیل صدر پی ٹی آئی ملتان مہر دلیر خان مہار نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر شرکاء خواتین نے مہر بانو قریشی کا بھر پور استقبال کیا اور ان کی کامیابی کیلئے ساتھ دینے کا عزم کیا۔
عمران خان پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں،مہر بانو قریشی








