بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت سینما گھروں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ممتاز نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ امجد نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،فاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے مطالبات، مسائل اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی، وفد نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے اقدامات کو سراہا،

وزیراطلاعات نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلموں کی کہانی، معیار، ٹیکنالوجی بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے،فلم اور ڈرامہ پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،حکومت سینما گھروں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،معیاری فلموں کی اس وقت بہت ضرورت ہے، فلم انڈسٹری کو ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے،

حکومت اس ضمن میں فلم سازوں کو ٹیکس میں استشنی سمیت فلم انڈسٹری کے لئے آلات کی درآمد میں ہر ممکن تعاون کرے گی،فلم انڈسٹری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کے لئے ایف بی آر سے بات چیت جاری ہے، جلد ہی لائحہ عمل طے کرلیا جائے گا، نئے سینما گھروں، پروڈکشن ہائوسز کو ٹیکس میں رعایت دینے کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت کا عمل جاری ہے،فلم انڈسٹری کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ٹیکس استثنیٰ سمیت دیگر امور پر بہت جلد مشاورت کی جائے گی،

حکومت نے ذمہ داری سنبھالتے ہی فلم اینڈ کلچر پالیسی کو بحال کیا، ہم نے فلم کو صنعت کا درجہ دیا، پاکستانی اور چینی فلم سازوں کی مشترکہ پروڈکشن شروع کرنے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی،وزیر اطلاعات نے پاکستان اور چین کے درمیان فلم سازی میں تعاون اور مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے چینی سفیر سے ہونے والی اپنی بات چیت سے بھی وفد کو آگاہ کیا ،چیئرمین فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن شیخ امجدنے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سینما انڈسٹری کی بحالی کے لئے حکومتی اقدامات سے فلم انڈسٹری کو تقویت ملے گی،پاکستان فلم انڈسٹری کو اس کی اصل شناخت دلوانے کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے