بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپیکرکی بھاری بھرکم وفدکے ہمراہ دولت مشترکہ کانفرنس میں شرکت کی خبریں بے بنیادہیں،ترجمان قومی اسمبلی

اسلام آباد(ممتازنیوز( قومی اسمبلی ترجمان نے سوشل میڈیا کے حوالے سے گردش کرنے والی ایسی تمام خبروں کو لغو، من گھڑت اور سو فیصد جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے جن میں یہ افواہیں اڑائی جا رہی ہیں کہ کینیڈا میں ہونے والی دولت مشترکہ کی کانفرنس میں سپیکر قومی اسمبلی بھاری بھرکم وفد کے ہمراہ شرکت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ درحقیقت ایسی بے سروپا باتیں اڑانے والے ملک اور قوم کے وہ دشمن ہیں جو عالمی برادری میں پاکستان کو رسوا کرنا چاہتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ کانفرنس کے طے کردہ معیار کے مطابق پاکستان کی وفاقی پارلیمان کل پانچ ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ شرکت کر سکتی ہے۔ ان پانچ میں سے بھی دو ارکان کا تعلق سینٹ اور تین کا، بشمول اسپیکر ، قومی اسمبلی سے ہونا تھا لیکن حالیہ سیلاب کے پیش نظر رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کانفرنس میں شمولیت سے معذرت کر لی سو اسپیکر صرف ایک رکن اسمبلی رومینہ خورشید عالم کے ہمراہ کانفرنس میں موجود ہیں۔ ان کے علاؤہ سیکرٹری اسمبلی پارلیمان کے سیکرٹریوں کی تنظیم سوکیٹ کا حصہ ہونے کی وجہ سے شرکت کر رہے ہیں جبکہ تین سال تک سی پی اے کے پورے جنوبی ایشیا کا سیکرٹریٹ کامیابی سے چلانے کے باعث سی پی اے کی دعوت پر ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی بطور ریجنل سیکرٹری سی پی اے کانفرنس میں اپنے وفد کی معاونت کر رہے ہیں۔ سو کل پانچ رکنی وفد ، بشمول افسران، قومی اسمبلی پاکستان سے اس اہم پارلیمانی کانفرنس میں شریک ہے۔ ترجمان نے اس امر کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا کہ بلا تحقیق مملکت کے معتبر ترین ادارے پر کیچڑ اچھالی گئی اور کئی زمہ دار عہدوں پر فائز رہنے والی شخصیات نے بھی ایسی جھوٹی اور گمراہ کن خبر کو بلا تحقیق پھیلانے میں کردار ادا کیا۔