اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام کمرشل بینکوں کے ذریعے عطیات جمع کرنے کا سرکلر جاری کر دیا ہے، اندرون و بیرون ملک پاکستانی عطیات اس اکاؤنٹ میں جمع کرا سکتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کی اندرون و بیرون ملک تمام پاکستانیوں سے دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی اپیل
مریم اورنگزیب نے اندرون و بیرون ملک تمام پاکستانیوں سے دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی اپیل ہے، انہوں نے کہا ہے کہ یہ عطیات اکاؤنٹ (Prime Minister Relief Fund Account 2022 Account No. ‘G-12164) میں جمع کرائے جاسکتے ہیں، عطیات کے ذریعے تمام پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے کام میں شامل ہوسکتے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سرکلر کے تحت تمام کمرشل بینک اور ان کی شاخیں وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 میں عطیات جمع کر سکتی ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی وائر ٹرانسفر، منی سروس بیوروز، منی ٹرانسفر آپریٹرز اور ایکسچینج ہاؤسز کے ذریعے بھی عطیات بھجوا سکتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ بینکوں کے ڈراپ باکس میں کراس چیک، موبائل اور انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایمز، اے بی ایف ٹی، راست کے ذریعے بھی جمع کروائے جاسکتے ہیں۔
‘بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، ملک بھر بالخصوص بلوچستان اور سندھ میں غیرمعمولی تباہی ہوئی، آئیں ہم سب مصیبت میں گھرے اپنے اہل وطن کی مدد کریں اور انکا سہارا بنیں۔
ملک بھر بالخصوص بلوچستان اور سندھ میں غیرمعمولی تباہی ہوئی آئیں ہم سب مصیبت میں گھرے اپنے اہل وطن کی مدد کریں، ہم سب بنیں سہارا اندرون و بیرون ملک تمام پاکستانیوں سے دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی اپیل ہے#PMReliefFund
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) August 24, 2022
وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم کی جانب سے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو اور ریلیف کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف کے اقدامات کی نگرانی جاری رکھی ہوئی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ‘این ڈی ایم اے’ سمیت تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو اشتراک عمل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بارشوں کا ہے درپے سلسلہ سیلاب کی تباہی میں مزید اضافہ کر رہا ہے ، سیلاب سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے اور ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ قدرتی آفت کا شکار علاقوں میں بحالی بڑا کام ہے اور یہ اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے۔









