بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر‘ جی بی کے وزراء ‘ اراکین اسمبلی‘ بیوروکریٹس کو بلیو پاسپورٹ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاسپورٹ فیس‘ موبائل فون کے ذریعے جمع کرانے کا سافٹ ویئر تیار کرا لیا ہے جس سے پاکستان میں پاسپورٹ بنوانے کیلئے قومی بینک کے سامنے قطار میں کھڑے ہو کر پاسپورٹ فیس جمع کرانے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی جو عوام 75سال سے اٹھاتے چلے آ رہے ہیں۔ ڈائریکٹریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے یہ سافٹ ویئر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آئی ٹی کے ایک خودمختار ادارے پرال سے تیار کرایا ہے۔ اسکے نتیجے میں پاسپورٹ بنوانے وغیرہ کی فیس کیلئے آئندہ ماہ سے عوام کو بینکوں کی قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑیگا۔ اس سافٹ ویئر کی باضابطہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ہونگے۔ اس سافٹ ویئر کا نام ’’پاسپورٹ فیس آسان‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا اور بینک پاسپورٹ فیس کے ساتھ ہینڈلنگ چارجز کے 30روپے وصول نہیں کیا کرینگے بلکہ موبائل فون کے ذریعے پاسپورٹ کی فیس جمع ہوا کریگی۔ اسکی کوئی اضافی ادائیگی پاسپورٹ لینے والا نہیں کریگا بلکہ پرال حکومت سے 8روپے فی پاسپورٹ درخواست وصول کیا کریگا۔ ڈائریکٹریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ایک عہدیدار کے مطابق پاکستان کے پہلے یوم آزادی 14اگست 1947ء سے پاکستانی پاسپورٹ عوام کو دیئے جا رہے ہیں مگر ان 75سالوں میں پاسپورٹ حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کو نیشنل بینک آف پاکستان میں قطاروں میں کھڑا ہو کر نارمل پاسپورٹ کیلئے 3ہزار اور ارجنٹ پاسپورٹ کیلئے 5ہزار روپے کی فیس جمع کرا کر چالان کے دو حصے اپنے علاقے کے پاسپورٹ دفاتر میں فراہم کرنا ہوتے ہیں۔ پاکستان میں پاسپورٹ جاری کرنے والے دفاتر کی تعداد 180ہو گئی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزراء کرام‘ اراکین اسمبلی اور سرکاری افسروں کو بلیو کلر کے سرکاری پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ اس کیلئے وفاقی حکومت نے پاسپورٹ کے اجراء کے نئے رولز بنا دیئے ہیں۔ اس سے پہلے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کو بلیو پاسپورٹ (سرکاری) جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس رواں مالی سال میں کم و بیش 6نئے سفارتی مشنوں میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کا سسٹم لگائے گا۔ اس طرح بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں‘ سفارتی مشنوں اور قونصلیٹ خانوں میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی تعداد92سے بڑھ کر 98ہو جائیگی۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نئی ویب سائٹ متعارف کرائی ہے جو یہ ہے۔