اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کی ہے۔سیلاب زدگان کی امداد کے متعلق صدر ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پوری قوم، سمندر پار پاکستانی اور عالمی برادری سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں، سیلاب متاثرین کو بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے۔
‘پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی کو تباہ کردیا’
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے، پاکستانی قوم نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا، ایک بار پھر قوم امدادی کوششوں میں دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالیں۔صدر مملکت کا کہنا ہے کہ تمام حکومتیں، ادارے، این جی اوز اور رضاکار متاثرین کو پناہ، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد کریں، میڈیا بھی قوم کو رقم اور ضروری اشیاء عطیہ کرنے کی ترغیب دے۔
‘بین الاقوامی برادری متعلقہ حکومتی اداروں کو درکار مشینری فراہم کرے’
عارف علوی نے کہا کہ تاریخی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا، سڑکیں، پل، بند، مواصلاتی نظام اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری متعلقہ حکومتی اداروں کو اپنی مہارت، ٹیکنالوجی اور درکار مشینری فراہم کرے، ماضی کی طرح قوم ایک بار پھر سیلاب متاثرین کی مدد کو آئے گی، مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔









