ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں مجلسِ پاکستان کی جانب سے نامور ادیب اور آرکیٹیکٹ نسیم احمد کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور نسیم احمد کی کتب کو سراہا اور انہیں بہترین سرمایہ قرار دیا.
دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی تقریب میں مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف اور جنرل سیکرٹری حافظ عبدالوحید نے نسیم احمد کو سعودی عرب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جہاں یہ ایک بہترین آرکیٹیکٹ ہیں وہیں انہوں نے اپنے علم اور قلم سے وہ اثاثہ تخلیق کیا ہے جس سے آئندہ نسلیں مستفید ہوتی رہیں گی خصوصاً حرمین شریفین کے متعلقہ لکھی گئی کتب ایک منفرد اور نمایاں مقام رکھتی ہیں پھول مرجھا گئے، حجاز ریلوے، عثمانی ترک اور شریفِ مکہ، المسجد الحرام بیت اللہ کعبہ شریف ،الکعبة المشرفة، الحجرة المطہرةﷺ، محمل کے کاروان، قدیم کاروانِ حج جیسی اسلامی کتب لکھ کر قابل فخر فریضہ انجام دیا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں.
اس موقعہ پر آرکیٹیکٹ نسیم احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں کی دلی وابستگی ہے اور مسلمانوں کے ایمان کا مرکز ہیں اور الکعبہ المشرفہ اور الحجرہ المطہرہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسی کتب کو لکھنے میں انہیں بیس سال کا عرصہ درکار رہا ان کتب کو منفرد حیثیت اس لئے بھی حاصل ہے کہ یہ کتب بیت اللہ کے مختلف ادوار میں تعمیر اور روضہ اقدس صلی الله عليه وآلہ وسلم کی تاریخ کے حوالے سے ہیں جن کا ڈیزائن مکمل طور پر ہاتھ سے تخلیق کردہ ہے اور ان میں مستند تاریخ کو اجاگر کیا گیا ہے.
مجلسِ پاکستان کی اس شاندار تقریب میں احسن عباسی، مخدوم امین تاجر، وقار نسیم وامق، ڈاکٹر طارق عزیز سمیت دیگر نے بھی نسیم احمد کے علم اور تخلیقی کام کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا.









