اسلام آباد(ممتاز نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سپیکر ،ڈپٹی اسپیکر اور اراکین قومی اسمبلی کی 1 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے عملے اور افسران کی 2 دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دی جائے گی۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے یہ اعلان کینیڈا میں کامن ویلتھ کانفرنس کے موقع پر ہونے والے اہم اسپیکرز اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کامن ویلتھ کانفرنس میں شریک شرکاء کو پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب کی تباہی کاریوں سے آگاہ کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو اس وقت تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، عالمی برادری سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی جاتی ہے،مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پاکستان کی عوام کو اس وقت تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، صوبہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بسنے والے عوام سیلاب کی تباہی کاریوں سے دوچار ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک بھر میں حالیہ شدید بارشوں سے بے پناہ جانی و مالی نقصان ہوچکا ہے اور مزید نقصانات کا خدشہ ہے۔
سپیکر ،ڈپٹی اسپیکر اور اراکین قومی اسمبلی کی 1 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان








