اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مظفر گڑھ پولنگ اسٹیشن حملہ کیس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آئندہ سماعت پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کو انکوائری رپورٹ سمیت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے مظفرگڑھ ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹیشن پر جھگڑے کے کیس کی سماعت کی، موجودہ اور سابق ڈی پی اوز مظفرگڑھ کمیشن میں پیش ہوئے، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آئی جی پنجاب کیوں نہیں آئے؟ چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سے استفسار کیا کہ لوگ جعلی ایف سی کی وردیوں والے گارڈ لیکر پھر رہے تھے کوئی ایکشن نہیں ہوا،پولنگ اسٹیشن پر حملہ ہوا تو آپ نے کیا ایکشن لیا؟ واقعہ کی ایف آئی آر بھی پولیس کی مدعیت میں ہے کمیشن کی نہیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے بتایا کہ ڈی پی او مظفرگڑھ کو خط لکھا تھا،چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ڈی آر او، آر او اور ڈی ایم او نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، جعلی وردیوں والے ایشو پر کمیشن نے تحریری شکایت بھی کی تھی۔ سابق ڈی پی او مظفرگڑھ نے کمیشن کو بتایا کہ جعلی وردیوں والے گرفتار کیے، موقع پر تھا جب پولنگ سٹیشن پر حملے کی خبر ملی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو موقع پر بھیجا تھا۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو واقعہ میں کوتائی برتنے پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر آئی جی پنجاب کو انکوائری رپورٹ کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی کیس کی آئندہ سماعت بارہ ستمبر کو ہو گی۔
پولنگ اسٹیشن حملہ کیس، چیف الیکشن کمشنر کا آئی جی پنجاب کو پیش ہونیکا حکم








