نوائیڈا(انٹرنیشنل ڈیسک)وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نوئیڈا میں سوپر ٹیکٹ کے ٹوئن ٹاورز کو منہدم کیے جانے کی کارروائی میں سیکورٹی قواعد پر سختی سے عمل کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ انہدامی کارروائی کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹاور منہدم کرنے کی پوری کارروائی میں آس پاس رہنے والوں کی سیکورٹی کا پورا خیال رکھا جائے۔ اس کے فوری بعد انفراسٹرکچر اینڈ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کمشنر اروند کمار نے تفصیلی ہدایات جاری کیں۔
یہ انہدامی کارروائی 28 اگست کو دوپہر 2:30 بجے صرف 12 سیکنڈ میں ہوگی۔اروند کمار نے کہا کہ 28 اگست کو طے شدہ ٹوئن ٹاورز کو گرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ایمرالڈ کورٹ کی 660 عمارتیں اور اے ٹی ایس ولیج کی 762 عمارتیں 28 اگست کو صبح ہی خالی کر دی جائیں گی۔ ٹوئن ٹاورز کے چاروں طرف کی سڑکوں پر ٹریفک پر پابندی ہوگی۔
نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا ایکسپریس وے بھی آدھے گھنٹے کے لیے بند رہے گا۔ تقریباً 80,000 ٹن ملبہ پیدا ہوگا۔ اس ملبے کو اگلے تین ماہ میں ٹھکانے لگایا جائے گا۔ ٹاور کے قریب واقع گیل گیس پائپ لائن کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ایمرالڈ کورٹ اور اے ٹی ایس ویلج سوسائٹی کی گاڑیوں کے لیے پارکنگ کے متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔









