اسلام آباد(ممتاز نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے کھیل و سیاحت عون چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی ملک میں نوجوانوں کے مستقبل کی طرف ایک بڑا قدم ہے کیونکہ اس اقدام سے نوجوان نسل کی صلاحیت کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ انہیں کھیلوں کے مرکزی دھارے میں لانے میں مدد ملے گی۔کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی گیمز میں تمغے جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام سرکاری محکموں کو ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں عون چوہدری نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں ڈیپارٹمنٹل سپورٹس پر لگائی جانے والی پابندی نے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں اور پیشہ کے طور پر اپنا شوق جاری رکھنے سے محروم کر دیا۔تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور انہیں صرف اس تعاون کی ضرورت ہے جسے وزیر اعظم شہباز شریف نے بحال کر کے ملک کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولے ہیں۔تقریباً تین سال قبل ڈیپارٹمنٹل سپورٹس پر پابندی کے نتیجے میں سینکڑوں کھلاڑی بے روزگار ہو گئے تھے اور اس کے نتیجے میں بڑے محکموں، کارپوریشنوں اور خود مختار اداروں کے اسپورٹس سیکشنز بند ہو گئے تھے ۔میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو طے شدہ پالیسی کے مطابق نقد مراعات دی گئیں۔ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم اور نوح بٹ کو 50 لاکھ روپے جبکہ انعام بٹ اور زمان انور کو چاندی کا تمغہ جیتنے پر 20 لاکھ روپے دیے گئے۔ تین پہلوانوں، ایک جوڈوکا اور ایک پیرا ٹیبل ٹینس کھلاڑی سمیت پانچوں کھلاڑیوں کو کانسی کا تمغہ جیتنے پر 10 لاکھ روپے ملے۔ ارشد ندیم کو اسلامی گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے پر 10 لاکھ روپے اضافی ملے۔بعد ازاں ایتھلیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر عون چوہدری نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی گیمز میں ملک کا نام روشن کرنے والے ایتھلیٹس نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ملک میں غیر یقینی صورتحال میں پاکستان کو خوشخبری دی۔انہوں نے عوام سے اپیل کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کےلئے آگے آئیں اورپاکستان کو اس بحران سے نکالنے کےلئے اجتماعی کوششوں کا حصہ بنیں.
ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کے مرکزی دھارے میں لانا ہے ، عون چوہدری








