بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشیا کپ: افغانستان نے بنگلادیش کو شکست دیکر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی

دبئی (نیوزڈیسک)ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے میچ میں افغانستان نے نجیب اللہ زادران کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
افغانستان نے بنگلادیش کا 128 رنز کاہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، نجیب اللہ زادران نے 6 چھکوں کی مدد سے17 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے، مصدق حسین نے ناقابل شکست 48 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کی ٹیم شروعات سے ہی مشکلات سے دوچار رہی، افغان اسپنرز نے بنگلادیشی بیٹرز کو جم کر نہ کھیلنے دیا، 53 کے مجموعی اسکور پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
تاہم بنگلادیشی بیٹر مصدق حسین نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 127 رنز تک پہنچایا، وہ 31 گیندوں پر 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ محموداللہ نے 25 اورمہدی حسن نے 14 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان اور مجیب الرحمان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلادیش ایشیا کپ2022 کا پہلا جبکہ افغانستان دوسرا میچ کھیل رہا ہے، اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن آج 100 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے بنگلادیشی کھلاڑی ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔