اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) موسمی حالات کو جاننے کے لئے محکمہ موسمیات کی جانب سے جدید آلات نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے پانچ جدید ریڈار لگائے جائیں گے، تين سو آٹو میٹک ویدر اسٹیشن اور سو نئی آبزرویٹری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئے سسٹم کے ذريعے آئندہ دس روز کيلئے موسم کی پیشں گوئی ہوسکے گی۔
ورلڈ بینک کے تعاون سے ملک میں تین سو آٹومیٹک ویدر سٹیشن ، ایک سو نئی آبزرویٹری، پانچ جدید ریڈار جبکہ زراعت کے حوالے مزید ایک سو نئی آبزرویٹری بنائی جائیں گی۔اس سلسلے میں دو منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن میں 60 ملین ڈالر کی لاگت سے ہائیڈرومیٹ اور 450 ملین روپے مالیت کے ڈی آئی خان ریڈار پراجیکٹس شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات ان منصوبوں کو مکمل کروائے گا جبکہ یہ دونوں منصوبے تین سال میں مکمل ہونگے۔ہائیڈرومیٹ پراجیکٹ کے تحت سیالکوٹ، کوئٹہ، گوادر اور چراٹ میں چار ریڈار نصب کيے جائیں گے۔اسی منصوبہ کے تحت ملک بھر میں مزید تین سو آٹو میٹک ویدر سٹیشن بنیں گے جن سے موسم کی دس روز کی پیشنگوئی ہو سکے گی۔اسکے علاوہ زراعت کے حوالے سے مزید ایک سو نئی آبزرویٹری بھی بنیں گی۔









