بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عارف نقوی کی ذریعے منتقل کی گئی رقم پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں میڈیا مہم کے لیے استعمال کی

اسلام آباد(ممتاز نیوز) ابراج گروپ کے سابق مالک عارف نقوی کی طرف سے پاکستان منتقل کی گئی مبینہ رقم کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ بڑی تعداد میں بیرون ملک سے بجھوائے گئے فنڈز سابق حکمران جماعت تحریک انصاف نے 2013کے عام انتخابات کی میڈیا مہم کےلئے استعمال کئے ۔ ایف آئی اے کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات سے متعلق دستاویزات کے مطابق 6لاکھ 25ہزار ڈالر ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کے ذریعے بجھوائے گئے جو عارف نقوی کی ملکیتی آف شور فرم کے تحت رجسٹرڈ ہے ۔ عارف نقوی کو اس وقت ایک ارب روپے کے مالیاتی فراڈ پر امریکا کی ایک عدالت میں قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے ۔ یہ رقم پاکستان تحریک انصاف کے اکائونٹس میں ووٹن سے براہ راست موصول ہونے والے 2.12ملین ڈالر کی رقم علاوہ ہے جس کا الیکشن کمیشن کے 2اگست کے پارٹی کے خلاف ممنوعہ فنٖڈنگ کے مقدمے کے فیصلے میں ذکر کیا گیا ہے ۔ دستاویزات کے مطابق یہ رقم ووٹن کرکٹ کے اکائونٹ سے دی انصاف ٹرسٹ کے اکائونٹ میں منتقل کی گئی جو پاکستان تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست طارق شفیع نے ٹرسٹ کے پہلے چیئرمین کی حیثیت کھولا تھا۔ طارق شفیع نے 5 لاکھ 75ہزار ڈالر اپنے ذاتی اکائونٹس میں بھی وصول کئے اور بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے اکائونٹ میں منتقل کئے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرسٹ کے اعلان کردہ مقاصد معاشرے میں جمہوریت کے حوالے سے آگاہی ،قانون کی حکمرانی ،جمہوری اقدار اور سیاسی بیداری کا فروغ تھا۔ اس کے علاوہ صحت ،تعلیم اور سماجی بہبود کے ھوالے سے سرگرمیاں بھی ٹرسٹ کے مقاصد میں  شامل تھیں ۔اس ٹرسٹ کے قیام سے متعلق ٹرسٹ ڈیڈ کی ایک شق میں یہ بات بھی شامل تھی کہ یہ ٹرسٹ اپنے فنڈز یا املاک وہ ذاتی مقاصد یا کسی بھی مخصوص شخص یا گروپ کےلئے استعمال نہیں کرے گا۔ ٹرسٹ کے بینک اکائونٹ کے دیگر دستخط کرنے والوں میں مرحوم عاشق حسین قریشی اور حامد زمان شامل تھے جو عمران خان کے قریبی دوست تھے اور یہ اکائونٹ مئی 2012میں حبیب بینک لمیٹڈ لاہور کینٹ برانچ میں کھلوایا گیا۔8مئی 2013کو انتخابات سے محض تین روز قبل 2میڈیا منیجمنٹ فرمز کمیونیکیشن سپاٹ اور گروپ ایم کو پی ٹی آئی کی الیکشن مہم کےلئے انصاف ٹرسٹ سے بالتریب 36ملین اور 25ملین روپے منتقل کئے گئے ۔یہ اکائونٹ صرف رقوم کی منتقلی کےلئے استعمال کئے گئے اور اس کے علاوہ کسی مقاصد کےلئے استعمال نہیں ہوئے ۔ میڈیا مہم کےلئے فنڈنگ پولیٹیکل آرڈر2002کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ منی لانڈرنگ کے زمرے میں بھی آتی ہے ۔ یہ رقم الیکشن کمیشن سے چھپائی گئی ۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق طارق شفیع اور دوسرے جنہوں نے یہ ٹرسٹ کا اکائونٹ کھلوایا گیا انہیں تین بار طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے لیکن ان میں سے کوئی بھی پیش نہ ہوا۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں میڈیا منیجمنٹ کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کئے گئے ۔