لاہور(ممتازنیوز)سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی اب بھی ریاست کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہوا ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ پر اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ آئی ایم ایف کی حالیہ رپورٹ عمران نیازی کے اوپر چارج شیٹ ہے۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے فروری میں ریلیف پیکج دے کر آئی ایم ایف کے وعدوں اور اہداف سے انحراف کیا، اس سیاسی بازیگری کا خمیازہ پاکستان کے عوام کو بھگتنا پڑا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی سازش کی گئی، موجودہ حکومت کے معاشی بحالی پروگرام کی بدولت معیشت ٹریک پر آنا شروع ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اب بھی ریاست کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہوا ہے جبکہ سیلاب جیسے سانحے کے وقت بھی عمران نیازی سیاسی جلسے کرنے میں مصروف ہے۔
حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کے بجائے تحریک انصاف کے جلسے ترتیب دینے میں مگن ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے اداروں کے خلاف بھی مذموم مہم چلائی گئی، عمران نیازی کی چارج شیٹ صرف معاشی تباہی تک محدود نہیں۔









