بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ سندھ نےلوگوں کو بچانے کیلئے اپنی زمینوں کی طرف کٹ لگوایا، شرجیل میمن

ٹنڈوجام (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نےکہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے دیگر کو بچانے کیلئےاپنی زمینوں کی طرف کٹ لگوایا ،اولین ترجیح سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنا، تمام ادارے کام کر رہے ہیں راول ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث منچھر جھیل میں پانی کی سطح بلند ہو گئی تھی، اور سیہون اور بھان سید آباد کی ساڑھے تین لاکھ آبادی کو بچانے کے لیے منچھر جھیل کو کٹ لگایا گیا ہے، کٹ لگانے سے پانچ یونین کونسلوں کے ایک لاکھ پچیس ہزار لوگ متاثر ہوں گے اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے گاؤں سمیت دیگر گوٹھ سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنا ہے، اس کے بعد ان کو ریلیف دینا ہے جس کے لئے تمام ادارے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا بارش اور سیلاب سے سیکڑوں افراد فوت ہوئے ہیں، ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں، چھ لاکھ سے زائد متاثرین رلیف کیمپوں میں ہیں، جب کہ ایک لاکھ سے زائد جانور ہلاک ہوئے ہیں، شرجیل میمن نے کہا کہ یہ بارش کسی زلزلے سے کم نہیں ہے جو اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی، 1700 سو ملی میٹر بارش ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر کے مقابلے میں حیدرآباد دیہی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے، تعلقہ حیدرآباد دیہی کی تمام یونین کونسلوں کے گوٹھ ڈوبے ہوئے ہیں اور وہاں سے پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی ہے، انہوں نے بتایا کہ ریلیف کیمپوں میں بارش متاثرین کو تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، اور سندھ حکومت دیگر این جی اوز کے تعاون سے کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پورے سندھ کے اسکول بند نہیں کر سکتے کیوں کہ کہیں صورتحال بہتر ہے تو کہیں خراب جہاں صورتحال بہتر ہے وہاں تدریسی عمل جاری رکھیں گے اور جہاں صورتحال خراب ہے وہاں بند رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ راہوکی شاخ کو دیہاتیوں کے مشورے سے ٹنڈو قیصر اور بھاول زنئور کے پاس بڑی مہارت کے ساتھکٹ لگایا گیا ہے،