بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تین کروڑ عوام متاثر ہیں کیا سیاسی لیڈرشپ ایسی ہوتی ہے؟ چیف جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی تقریر براہِ راست دکھانے سے متعلق کیس میں ریمارکس دیے کہ تین کروڑ عوام متاثرہیں کیا سیاسی لیڈرشپ ایسی ہوتی ہے؟

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے عمران خان کی تقاریرکو براہ راست دکھانے کے پیمرا نوٹیفکشن کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے اہم ریمارکس دیے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی کل تقریر سے متعلق اہم ریمارکس میں کہا کہ اگرکوئی بیان دے کہ کوئی محب وطن ہے اور کوئی محب وطن نہیں ہے پھرآپ کہتے ہیں ان کو کھلی چھٹی دے دیں۔

عدالت نے کہا کہ ہر شہری محب وطن ہے اور خاص طور پر آرمڈ فورسز کے بارے میں یہ بیان کیا ان کا مورال ڈاؤن کرنا چاہتے ہیں۔ کیا کوئی یہ کہہ سکتا ہے کہ آرمڈ فورسزمیں کوئی محب وطن نہیں ہوگا؟

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا اس وقت آرمڈ فورسزعوام کو ریسکیو کررہے ہیں کیا کوئی اس بیان کو justify کرسکتا ہے؟ غیرذمہ دارانہ بیانات دیے گئے ہیں کیا آپ چاہتے ہیں عدالت ان کو فری لائسنس دے دے؟ جب آپ پبلک میں کوئی بیان دیتے ہیں تو اس کی اثر زیادہ ہوتا ہے۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے پی ٹی آئی کے وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے مذید کہا کہ کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ آئین کی خلاف ورزی ہو۔ جس سیاسی لیڈرکی فالونگ ہوتی ہے اس کے الزام کا اثربھی زیادہ ہوتا ہے۔ اگر وہ اس قسم کی غیرآئینی بات کریں اور اشتعال پھیلائیں تو یہ آزادی اظہار رائے میں نہیں آتا۔

وکلا سے استفسار کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ تین کروڑ عوام متاثر ہیں کیا سیاسی لیڈرشپ ایسی ہوتی ہے۔ آرمڈ فورسز ہمارے لیے جان قربان کرتے ہیں۔ کیا آپ نے عمران خان کا کل کا بیان سنا ہے؟ کیا پولیٹیکل لیڈرشپ اس طرح ہوتی ہے۔ گیم آف تھرونز کیلئے ہر چیزکو اسٹیک پر لگا دیا جاتا ہے؟ اگر کوئی غیر آئینی کام کرتا ہے تو سب تنقید کرتے ہیں۔ اپنی بھی خود احتسابی کریں کہ آپ کرنا کیا چاہ رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اہم ریمارکس دیے کہ آپ چاہتے ہیں جو مرضی کہتے رہیں اور ریگولیٹرریگولیٹ بھی نہ کرے۔ عدالتوں سے ریلیف کی امید نہ رکھیں یہ عدالت کا استحقاق ہے۔ ہرشہری محب وطن ہے کسی کے پاس یہ سرٹیفکیٹ دینے کا اختیار نہیں۔ آرمڈ فورسز کے بارے میں جو شہید ہو رہے ہیں اس طرح کی بات کیسے کی جا سکتی ہے؟

عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پیمرا کو ریگولیٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیان سے آپ اپنے لئے مشکلات پیدا کریں گے۔ آپ دشمنوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ کیا تمام جرنیل محب وطن نہیں ہیں؟