اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کا لائسنس بحال نہ ہونے کے پیش نظر نشریات بند کرنے کا حکم دے دیا۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی زیرصدارت اسلام آباد میں پیمرا اتھارٹی کا 174 واں اجلاس ہوا جہاں لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ (بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ) کو جاری شدہ لائسنس سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کا جاری شدہ لائسنسز 2017 میں منسوخ کیا گیا تھا کیونکہ وزارت داخلہ نے سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی تھی۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ پیمرا کے حکم نامہ مذکورہ کمپنی نے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور اس دوران نشریات جاری رہیں تاہم سندھ ہائی کورٹ نے 2021 میں کیس نمٹا دیا تھا۔
پیمرا نے بتایا کہ عدالت میں سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ اگر وزارت داخلہ لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کی سیکیورٹی کلیئرنس جاری نہیں کرتی ہے تو دونوں چینلوں کی نشریات چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیمرا کے اجلاس میں عدالتی حکم نامہ اور وزارت داخلہ سے جاری ہوئے مراسلوں سمیت تمام ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو فوری طور پر بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کی نشریات بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پیمرا نے بتایا کہ بول انٹرٹینمنٹ کے لائسنس کی 15 سالہ مدت دسمبر 2021 میں ختم ہوگئی تھی لیکن کمپنی نے لائسنس کی تجدی کے لیے پیمرا کو کوئی درخواست نہیں دی۔
یاد رہے مئی 2017 میں پیمرا نے وزارت داخلہ کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس مسترد کیے جانے پر بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسز فوری طور پر منسوخ کردیے تھے۔
پیمرا سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزارت داخلہ سے لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز شعیب شیخ، عائشہ شعیب شیخ، وقاص عتیق اور ثروت بشیر کی سیکیورٹی کلیئرنس مسترد ہونے کے بعد اتھارٹی نے کمپنی کے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسز منسوخ کیے۔
اتھارٹی نے ایک علیحدہ حکم نامے میں تمام ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس اور کیبل آپریٹرز کو پیمرا اتھارٹی کے فیصلے کی روشنی میں بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کی نشریات فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔ حکم نامے میں خبردار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ‘کسی بھی آرگنائزیشن کی جانب سے حکم کی خلاف ورزی پر پیمرا قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
پیمرا کا بول نیوز، بول انٹرٹینمنٹ کی نشریات بند کرنے کا حکم








