اسلام آباد(ممتازنیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق ملائشیا کے پانچ روزہ دورہ کے بعد پیر کی شام وطن واپس پہنچ گئے۔ اسلام آبادائیرپورٹ اترنے کے بعد امیر جماعت نے وفاقی دارالحکومت میں قائم جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور کارکنان کی امدادی سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے جاری رکھنے پر تحسین کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہزاروں کارکنان اور رضاکاران خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم سیلابی علاقوں میں مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انھوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن پر بھرپور اعتماد کرنے پر قوم کا بھی شکریہ ادا کیا۔یاد رہے امیر جماعت نے اپنے دورہ ملائیشیا کے دوران اسلامی تحریکوں کی عالمی کانفرنس میں شرکت اور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پٹروناس میں پاکستانی طلبہ سے ملاقات اور خطاب کیا۔ انھوں نے کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کیا اور ملائشیا میں پاکستانی سفیر عامنہ بلوچ سے ملاقات بھی کی۔
سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،سراج الحق، فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ








